انتخابات سے قبل اروند کیجریوال کو گرفتار کرنے کی کوشش!
نئی دہلی۔انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو ایک نئے کیس میں سمن جاری کیا ہے۔جس کی جانکاری عام آدمی پارٹی نے دی ہے۔آپ لیڈر اور دہلی کی وزیر آتشی نے اس معاملے پر پریس کانفرنس کی۔ جس میں انہوں نے کہا کہ ای ڈی نے کل شام ایک اور معاملے میں کیجریوال کو سمن بھیجا ہے اور کیجریوال کو فرضی کیس میں طلب کیا گیا ہے۔ ای ڈی نے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو ایک ساتھ دو معاملات میں سمن بھیجا ہے۔ سب سے پہلے دہلی شراب پالیسی کیس میں 9واں سمن بھیجا گیا ہے اور دوسرا دہلی جل بورڈ کیس میں پہلا سمن بھیجا گیا ہے۔ ای ڈی نے کیجریوال کو جل بورڈ معاملے میں 18 مارچ اور شراب گھوٹالہ معاملے میں 21 مارچ کو طلب کیا ہے۔
آتشی کے مطابق دونوں سمن لوک سبھا انتخابات کے اعلان کے تین گھنٹے بعد بھیجے گئے ہیں وزیر آتشی نے کہاکہ دہلی کے سی ایم اروند کیجریوال کو کل شام ای ڈی کے ذریعہ ایک اور سمن موصول ہوا۔ انہوں نے انہیں دہلی جل بورڈ سے متعلق کچھ تحقیقات میں شامل ہونے کو کہا ہے۔ ای ڈی کی طرف سے درج کیس سے ہم لاعلم ہیں کیونکہ سمن میں کوئی تفصیلات نہیں ہیں۔ اس فرضی معاملے میں اروند کیجریوال کو طلب کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای ڈی، سی بی آئی اور انکم ٹیکس پی ایم کے غنڈے بن گئے ہیں۔ مودی اپنے غنڈوں کے ذریعے کیجریوال کو انتخابات سے پہلے گرفتار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
آتشی نے کہاکہ دہلی جل بورڈ کے اس معاملے کے بارے میں کوئی نہیں جانتا ہے۔ یہ سمن اس لیے بھیجا جا رہا ہے کہ وزیر اعظم مودی کو شک ہونے لگا ہے کہ کیا وہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو ایکسائز کیس میں گرفتار کر پائیں گے اروند کیجریوال کو گرفتار کرنے کے لیے بیک اپ پلان شروع کیا جا رہا ہے کیونکہ بی جے پی کسی نہ کسی طریقے سے کیجریوال کو جیل میں ڈالنا چاہتی ہے، تاکہ وہ اپنے امیدواروں کے لیے مہم نہ چلا سکے۔
انھوں نے کہاکہ ‘اروند کیجریوال کل عدالت گئے تھے۔ انہوں نے ان تمام بی جے پی لیڈروں کو جواب دیا ہے جو بار بار کہہ رہے تھے کہ اروند کیجریوال عدالت اور ای ڈی سے بھاگ رہے ہیں۔ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے انہیں خاموش کر دیا ہے۔
واضح ہو کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے شراب گھوٹالہ معاملے میں دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو 9واں سمن بھیجا ہے اور وزیراعلیٰ کو 21 مارچ کو آنے کو کہا گیا ہے۔ اس سے قبل ای ڈی کیجریوال کو آٹھ بار سمن بھیج چکی ہے۔ اب ایک بار پھر سمن بھیج کر ای ڈی نے کیجریوال سے پوچھ گچھ میں شامل ہونے کو کہا ہے۔