دارالعلوم رحمانیہ میں یوم آزادی کی شاندار تقریب منعقد 

Grand Independence Day Celebration Held at Darul Uloom Rahmania
دارالعلوم رحمانیہ میں یوم آزادی کی شاندار تقریب منعقد 
نئی دہلی -جنوبی دہلی کے انتہائی معروف تعلیمی ادارے دارالعلوم رحمانیہ، سنگم وہار میں ملک کے 80ویں یوم آزادی کے موقع پر ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
قرآن پاک کی تلاوت کے بعد قومی پرچم ترنگا لہرایا گیا۔ اس موقع پر مدرسے کے بچوں نے ترانۂ ہند ’’سارے جہاں سے اچھا ہندوستان ہمارا‘‘ خوبصورت انداز میں پیش کیا۔
اس کے بعد مدرسے کے طلبہ و طالبات نے حب الوطنی پر مبنی نظمیں، بیانات اور اشعار پیش کیے۔ اس دوران طلبہ و طالبات نے ملک کی آزادی کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے آزادی کی جدوجہد میں ملک کے عوام، بالخصوص مسلم علما کی قربانیوں کو یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی آزادی ہندوستان کے عوام کی اجتماعی قربانیوں کا نتیجہ ہے، جس میں ایک طرف اشفاق اللہ خان تھے تو دوسری طرف رام پرساد بسمل جیسے عظیم مجاہدینِ آزادی بھی موجود تھے۔
تقریب کی نظامت مدرسے کے استاد اور امام مفتی ریاضاللہ صاحب نے کی، جبکہ سنگم وہار علاقے کی معروف شخصیات حاجی نسیم صاحب اور حاجی اسحاق صاحب نے خصوصی مہمانوں کی حیثیت سے شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر یوم آزادی کے پُروقار موقع پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں انعامات سے نوازا گیا، جبکہ خصوصی مہمانوں کا بھی شال پیش کرکے استقبال کیا گیا۔
آخر میں مدرسے کے پرنسپل محمد معراج خان ندوی نے اپنے استقبالیہ خطاب میں تمام مہمانوں اور شرکا کا شکریہ ادا کیا اور سبھی سے ملک کے مفاد میں کام کرنے، ملک میں باہمی رواداری، امن اور اتحاد کو مضبوط بنانے کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا کہ ایک تعلیم یافتہ شخص ہی ایک اچھا شہری بن سکتا ہے اور وہی ملک کی ترقی اور معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ تعلیم ہی ایک اچھے اور پُرامن معاشرے کی بنیاد ہے، لیکن اس کے لیے سب سے پہلے ملک کے آئین اور قانون کی پابندی ضروری ہے۔
اس تقریب میں مدرسے اور علاقے کے بچے، اساتذہ، علاقے کی معزز شخصیات اور آس پاس کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد موجود رہے، جن میں خصوصی طور پر شمس الحق، ڈاکٹر عبیدالرحمان، عبدالعزیز، اسحاق خان، امیراللہ، محمد شبیر، محمد کوثر، رجب علی، حسن بھائی، ساجد احمد اور مکھیا جی شامل تھے۔
تقریب کے اختتام پر تمام شرکا نے ایک دوسرے کو یوم آزادی کی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں۔
We need your help to spread this, Please Share

Related posts

Leave a Comment