بی جے پی کی چار کھٹارا انجنوں والی حکومت کا کمال، ذرا سی بارش میں دہلی بدحال: عام آدمی پارٹی
پی ایم، ایل جی، سی ایم، میئر، این ڈی ایم سی اور تمام افسر بی جے پی کے، پھر بھی دہلی کا یہ حال: سوربھ بھاردواج
نئی دہلی، 25 مئی: بھارتیہ جنتا پارٹی کی چار کھٹارا انجنوں والی حکومت کی مہربانی ہے کہ ہفتہ کی رات کو ہونے والی معمولی بارش نے دہلی کو ڈبو دیا۔ ہلکی سی بارش سے آئی ٹی او، منٹو روڈ، تیمار پور، ایئرپورٹ روڈ، دھولا کواں سمیت دہلی کے کئی علاقے زیر آب آ گئے، سڑکوں پر پانی بھر گیا اور کاریں و بسیں پانی میں ڈوب گئیں۔ بی جے پی فوٹو شوٹ کروا کر کریڈٹ لینے میں مصروف ہے۔ عام آدمی پارٹی نے دہلی میں پانی بھرنے کی درجنوں ویڈیوز ایکس پر شیئر کیں اور بی جے پی پر سیدھا حملہ بولا۔ پارٹی کے دہلی صدر سوربھ بھاردواج، اپوزیشن لیڈر آتشی، سابق میئر شیلی اوبیرائے، لیڈر عادل احمد خان، سابق ایم ایل اے گلاب سنگھ سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی بی جے پی کی چار انجنوں والی حکومت پر سخت تنقید کی۔عام آدمی پارٹی نے کہا کہ دہلی کے عوام جب صبح اٹھے تو دہلی ڈوبی ہوئی تھی۔ چار انجن والی حکومت نے بس یہی کام کیا ہے۔ تھوڑی سی بارش میں سڑکیں لبالب بھر جاتی ہیں، جو بی جے پی کی ناکام حکمرانی کی گواہی دیتی ہیں۔”آپ” نے پانی میں ڈوبی کار کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہے دہلی کی حالت، ذرا سی بارش میں گاڑیاں پانی میں غرق۔ دہلی کینٹ کے انڈر پاس میں کار اور بس ڈوبی ہوئی ہے۔ اب وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا یہاں آ کر اس کارنامے کا کریڈٹ لے سکتی ہیں۔
منٹو روڈ کی ویڈیو میں کہا گیا کہ یہاں ہلکی بارش میں کار پانی میں ڈوب گئی، حالانکہ چند دن پہلے وزیر اعلیٰ اور وزیر پرویش ورما نے یہاں آ کر فوٹو شوٹ کروایا تھا، مگر کوئی کام نہیں کیا گیا، نتیجہ سب کے سامنے ہے۔ دھولا کواں، چانکیہ پوری، ایئرپورٹ روڈ، آئی جی آئی ایئرپورٹ، سبھی جگہوں کی ویڈیوز میں دکھایا گیا کہ بی جے پی کی حکومت کی ناکامی نے دہلی کو کہیں کا نہیں چھوڑا، وی آئی پی علاقوں میں بھی پانی بھر گیا۔سوربھ بھاردواج نے دہلی میں مختلف جگہوں پر بارش کے بعد کی ویڈیوز شیئر کیں اور کہا کہ بی جے پی کی چار انجن والی حکومت ہر گھر نل، ہر جگہ جل کا دعویٰ کرتی ہے، لیکن حال یہ ہے کہ تیمار پور روڈ سے لے کر آئی ٹی او تک ہر جگہ پانی ہی پانی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب دہلی بھر میں پانی جمع ہے تو وزیر پرویش ورما، جو چند دن پہلے 335 افسران کو معطل کرنے کی بات کر رہے تھے، وہ کہاں غائب ہیں؟ وزیر صاحب پچھلی کیبنیٹ میٹنگ میں بھی نظر نہیں آئے۔ پانی کی قلت اور بارش کے بعد کی بدانتظامی پر وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کو جواب دینا ہوگا۔ آتشی نے بھی بارش کے بعد کی ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے کہا کہ چار انجنوں والی حکومت مکمل طور پر ناکام ہے۔ انہوں نے منٹو برج اور آئی ٹی او کی ویڈیوز دکھا کر سوال اٹھایا کہ پی ڈبلیو ڈی کے دفتر کے باہر پانی بھر جائے تو پھر باقی دہلی کا کیا حال ہوگا؟ انہوں نے سبروتو پارک، روی داس مارگ، دہلی کینٹ، آئی جی آئی ایئرپورٹ، روہتک روڈ کی ویڈیوز بھی شیئر کیں اور کہا کہ دیکھیں بی جے پی کی چار انجنوں والی حکومت کا کمال۔اسی طرح گوپال رائے، شیلی اوبیرائے، عادل احمد خان، گلاب سنگھ یادو سمیت کئی رہنماؤں نے دہلی میں پانی بھرنے پر بی جے پی کو آڑے ہاتھوں لیا اور اس کی ناکامی کو عوام کے سامنے رکھا۔