براری میں چل رہے جعلی کال سینٹر کا پر دہ فاش
نئی دہلی۔قومی راجدھانی دہلی کے تھانہ براری پولیس نے ایک جعلی کال سینٹر کا پردہ فاش کیا ہے جو نجی بینک میں نوکری دلانے کے نام پر لوگوں سے دھوکہ دہی کررہا تھا۔ پولیس نے دو ملزموں کو گرفتار کیا ہے جن کی شناخت موہت کمار اور پونیت کمار کے طور پر ہوئی ہے، جو باروت، باغپت کے رہنے والے ہیں۔
پولیس نے کال سینٹر میں کام کرنے والی چار لڑکیوں کو بھی حراست میں لیا ہے۔ پولیس نے ملزمان سے 10 موبائل، ایک لیپ ٹاپ، پرنٹر، دو ڈیبٹ کارڈ، ایک جعلی پین اور دیگر اشیاء برآمد کئے ہیں۔ جانکاری کے مطابق ملزم ایچ ڈی ایف سی بینک میں نوکری دلانے کا وعدہ کرتا تھا۔ موہت نے انجینئرنگ میں ڈپلومہ کیا ہے، جبکہ پونیت کمار نے ہوٹل مینجمنٹ میں ڈپلومہ کیا ہے۔ ملزمان او ایل ایکس ایپ کے ذریعے بے روزگار لوگوں کا ڈیٹا اکٹھا کر کے انہیں اپنے جال مین پھنساتے تھے یہ اب تک ملک سے سینکڑوں افراد کو دھوکہ دے چکے ہیں۔ پولیس ملزم سے پوچھ گچھ کر کے معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔
شمالی ضلع پولیس کے ڈپٹی کمشنر منوج کمار مینا نے کہا کہ ۵۱مارچ کو دہرادون ایس ٹی ایف اپنے ایک معاملے میں گرفتاری کے لیے شمالی دہلی آئی تھی۔ دہلی پولیس اور دہرادون پولیس نے مشترکہ کارروائی کے بعد ایک ملزم کو گرفتار کرلیااسی نے اس فرضی کال سینٹر کی اطلاع شمالی ضلع پولیس کو دی تھی۔ معلومات جمع کرنے کے بعد فوراً پولس ٹیم نے براری کے کمال پور میں چھاپہ مار کر موہت اور پونیت کو گرفتار کر لیا اور پوچھ تاچھ کے دوران ملزمان نے بتایا کہ وہ بینک میں نوکری دلانے کے بہانے رجسٹریشن فیس اور دیگر اشیاء کے نام پر رقم لیتے تھے۔ راہل اور گوتم انہیں جعلی سم کارڈ اور بینک اکاؤنٹس فراہم کرتے تھے، اس کے بدلے میں انہیں 10 فیصد کمیشن دیا جاتا تھا۔پولس کی مزید تفتیش جاری ہے۔