مسلمانوں کو قانونی تحفظ فراہم کرنے میں پہل کرے گی کانگریس
ٓآل انڈیا یونائیٹیڈ مسلم مورچہ کے زیر اہتمام دنگا مکت بھارت کانفرنس میں ادت راج کا اظہار خیال
نئی دہلی۔ آل انڈیا یونائیٹیڈ مسلم مورچہ کے زیر اہتمام دہلی کے گاندھی پیس فاؤنڈیشن میں دنگا مکت بھارت کے عنوان سے ایک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں مہمان خصوصی کے طور پرکانگریسی لیڈر ڈاکٹر ادت راج سابق ایم پی اورمہمان اعزازی ڈاکٹر ایم یو دعا چیئر مین آل انڈیا ہیومن رائٹس،محترمہ راشدہ بقی ڈائریکٹر ڈی ڈی نیوز،مولانا محب اللہ ندوی خطیب و امام جامع مسجد پارلیامنٹ نے شرکت کی۔
پروگرام کے آغاز میں مصنف و صحافی ڈاکٹر سطان بھارتی نے بینر کے عنوان (دنگا مکت بھارت) پرایک کلیدی خطبہ دیا اور صحافیوں کی جانب ا شارہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں صحافی اگر ٹھان لیں تو امن و امان قائم کرنے اور سبھوں کے تحفظ کو یقینی بنانے میں اہم کردار اداکر سکتے ہیں۔
ڈاکٹر ادت راج نے مورچہ کے اغراض و مقاصد کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ چکی ہے ہم اب نعروں پر نہیں کام پر توجہ مرکوز کریں گے۔اور اگر ہماری سرکار آگئی تو اقلیتوں کی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے قانون بھی بنائیں گے، اشاروں میں ادت راج نے وزیر اعظم کے پسماندہ کارڈ پر بھی طنز کیا اور کہا کہ کہیں بھی وزیر اعظم نے پسماندہ مسلمانوں کے لئے کوئی اعلان نہیں کیا اور نہ ہی کہیں کوئی حصہ داری دکھائی دے رہاہے محض یہ وزیر اعظم کا ایک سیاسی نعرہ ہے۔
ڈاکٹر ایم یو دعا نے صحافیوں سے بے خوف ہوکر سچ بولنے،سچ لکھنے اور سچ پھیلانے کی اپیل کی اور ملک میں امن و امان قائم کرنے کے لئے ایماندارانہ صحافت کی ضرورت پر زور دیا۔
محترمہ راشدہ بقی نے چند اشعار میں ہی مورچہ کے مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے سرکار سے قانون بنانے کی مانگ کی۔ مولانا محب اللہ ندوی نے ملک میں بڑھ رہے مذہبی منافرت،اسلاموفوبیا اوربد امنی پر اظہار تشویس کرتے ہوئے اسے ختم کرنیکی تمام سیاسی لیڈران سے متحدہ کوشش کی اپیل کی۔
پروگرام کی نظامت کرتے ہوئے مورچہ کے قومی ترجمان حافظ غلام سرور نے اس مطالبے کو دہرایا کہ دبے کچلے مسلمانوں کے قانونی تحفظ کے لئے ایس سی،ایس ٹی ایکٹ میں شامل کرنا یااس جیسا قانون بنانا ضروری ہے، جبکہ تمام مہمانوں کا استقبال مورچہ کے دیگر ذمہ داران عبدالحکیم حواری،محمد شفیع مداری،شاہد رنگریز،محمد نفیس سلمانی ومحمد ناظم منصوری نے کئے۔اس موقع پر متعدد صحافیوں کو اعزاز سے سر فراز کیا گیا۔