نور شکشافاؤنڈیشن کے زیر اہتمام اعزازیہ تقریب
نئی دہلی: نور شکشافاؤنڈیشن کے زیر اہتمام اعزازیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں دسویں اور بارہویں جماعت میں اعلی نمبرات حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات کو میڈلز، سرٹیفکیٹ اور گفٹ سے نوازا گیا۔
اس موقع پرڈاکٹر امندیپ سنگھ، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سی جی ایس ٹی اور سنٹرل ایکسائز دہلی بطور مہمان خصوصی، مہمان اعزازی کے طور پرمحمد ابو شمع، کمشنر سی جی ایس ٹی اور سنٹرل ایکسائز رائے پور، اے سی پی رتن لال دہلی پولیس، دیویندر کمار میور وہار کونسلر اور دیگر مہمانان، ہرشیت شکلا سپرنٹنڈنٹ او ایس ڈی۔ ممبر جی ایس ٹی دہلی، ویمل پنت سپرنٹنڈنٹ دہلی، ششانک شیکھر سپرنٹنڈنٹ ڈی جی جی آئی دہلی موجود تھے۔
واضح ہو کہ نو ر شکشا فاؤنڈیشن کا آٹھواں پروگرام تھا، نور ایجوکیشن فاؤنڈیشن سالوں سے بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ایسے پروگرام منعقد کر رہی ہے۔پروگرام کا مقصد بچوں کے حوصلے بلند کرنا اور انہیں ان کی آئندہ زندگی میں کامیاب بنانا ہے۔
نور شکشافاؤنڈیشن کے چیئرمین محمد ناصر نے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہوتے ہیں، اسی لیے نور ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا مقصد نوجوانوں پر کام کرنا اور ان کی تعلیمی میدان میں حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ بچے گمراہ نہ ہوں۔ جیسا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ ہندوستان ایک ترقی پذیر ملک ہے، جس میں نوجوان ایک اہم کردار ادا کرتے ہیں، اسی لیے فاؤنڈیشن پچھلے کئی سالوں سے نوجوانوں کے لیے کام کر رہی ہے۔نور شکشافاؤنڈیشن بھی کئی سالوں سے اسکل ڈیولپمنٹ کے لیے بھی کام کر رہی ہے اور اس میدان میں آگے بڑھتے ہوئے فاؤنڈیشن نے کئی سالوں سے بچوں کو سلائی اور کڑھائی جیسی فنی تعلیم فراہم کی ہے تاکہ وہ خود کفیل بن سکیں۔