یونیفارم سول کوڈ کے نام پر اکثریتی زعم کو پرسنل لاز، مذہبی آزادی اور اقلیتوں کے حقوق پر حاوی نہیں ہونا چاہیے۔
ہندوستانی مسلمان اپنی شریعت اور شناخت سے دست بردار نہیں ہو سکتے۔
یونیفارم سول کوڈ پرلا کمیشن کو مسلم پرسنل لا بورڈ کا جواب
نئی دہلی: 6جولائی 2023
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے کل شام لا کمیشن کے نوٹس مؤرخہ14.06.23پر اپنے اعتراضات درج کرائے، جس نے ملک کی مذہبی تنظیموں اور شہریوں سے نمائندگی کی شکل میں ’’یکساں سول کوڈ کے بارے میں خیالات اور نظریات‘‘ کی درخواست تھی۔ ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس ترجمان آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے کہا ’’ یو نیفارم سول کوڈ پر لاء کمیشن کے بارے میں ہمارا جواب 5 نکات پر مبنی ہے، جس میں،1۔ابتدائی ایشوز 2۔اکیسویں لاء کمیشن پر ہمارا جواب اور رپورٹ 3۔یکساں سول کوڈ پر ہمارے اعتراضات کے دلائل 4۔موجودہ سول قوانین کا جائزہ اور 5۔ جوابات کا خلاصہ شامل ہیں۔
جواب کے پہلے حصے میں بورڈ نے ابتدائی اعتراضات کو تفصیل سے بیان کیا ہے جس میں کہا گیا کہ لا کمیشن کا نوٹس بہت مبہم، عمومی اور غیر واضح ہے۔ متعلقہ حصہ میں کہا گیا ہے کہ کمیشن کے سوال میں تجاویز کی شرائط غائب ہیں۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اتنے بڑے ایشو کو پبلک ڈومین میں محض اس لئے ڈالا گیا تا کہ اس پر ریفرنڈم کروایا جا سکے اور کو شش یہ کی گئی کہ عام لوگوں کا ردعمل بھی کمیشن تک مبہم الفاظ میں یعنی ‘ہاں ‘ یا ‘نہیں میں ہی پہنچ سکے۔متعدد وجوہات کی بناء پر ہم یہ سمجھتے ہیں کہ باوجود یکہ یہ مسئلہ خالصتاً قانونی ہے تاہم سیاست اور میڈیا کے پروپیگنڈے کے لئے اس کی حیثیت چارہ کی بھی ہے۔ یہ مسئلہ اس لئے بھی مزید اہم ہو جاتا ہے کہ اس پر سابقہ لاکمیشن نے جائزہ لے کر یہ نتیجہ نکالا تھا کہ یونیفارم سول کوڈ نہ تو ضروری ہے اور نہ ہی مطلوب۔ ہمیں یہ دیکھ کر بہت حیرت ہو تی ہے کہ 22وین لا کمیشن کو اس پر عوامی رائے لینے کی ضرورت کیوں محسوس ہو ئی جب کہ اس کے پاس کو ئی بلیو پرنٹ بھی نہیں ہے جس سے یہ اندازہ کیا جا سکے کہ کمیشن کا ارادہ کیا ہے۔
مسلمانوں کی مذہبی اساس، قرآن مجید،سنت رسول اور فقہ (اسلامی قانون) ہے جس کو ہندوستان کے دستور کی دفعہ25 اور6 2 سے تحفظ حاصل ہے۔اسلام اپنے ماننے والوں کو حکم دیتا ہے کہ وہ قرآن و سنت میں بیان کئے گئے احکام پر عمل کریں۔ اسلام کے پیروکار بھی اپنے آپ کو ان احکام کے پابند سمجھتے ہیں اور یہ تمام امور ناقابل تبدیل شرائط ہیں۔ مسلمانوں کے ذاتی و اجتماعی تعلقات، ان کے خاندانی معاملات و شخصی قوانین بھی، براہ راست قرآن و سنت (اسلامی قوانین) سے ماخوذ ہیں اور یہ پہلو ان کی بنیادی شناخت سے جڑا ہوا ہے۔ ہندوستان کے مسلمان اس شناخت سے دست بردار ہونے پر کسی بھی صورت میں راضی نہیں ہو سکتے نیز اس کی ہمارے ملک کے آئینی دائرے میں پوری گنجائش بھی ہے۔ اگر ہم اقلیتوں اور قبائلی طبقات کو ان کے پرسنل لا اور رواجی قانون کے تحت زندگی گزارنے کا موقع دیتے ہیں تو گو یا اپنے ملک کے تنوع کے ساتھ انصاف کرتے ہیں اور اس سے ملک کی سالمیت، تحفظ، سلامتی اور بھائی چارے کو بھی برقرار رکھا جا سکتا ہے۔
جواب کے دوسرے حصے میں، بورڈ نے اس مسئلہ پر 21 ویں لاء کمیشن کو دئے گئے اپنے تفصیلی جواب کو دہرایا اور اس کو بھی اس دستاویز کے ساتھ منسلک کر دیا۔
جواب کے تیسرے حصے میں ملک کی تکثیری حیثیت، وسیع الاطراف تنوع اور کثیرثقافتی حیثیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی، مزید برآں اس حصہ میں سیکولرازم، حقوق نسواں اور مساوات کے اصول، قومی یکجہتی اور سپریم کورٹ کے مشاہدات سے پیدا شدہ مسائل پر تفصیل سے اظہار خیال کیا گیا۔ خلاصہ کے طور پر اس میں کہا گیا؛
’’ملک کے مختلف طبقات کے ذریعہ متعدد پرسنل لا و رواجی قوانین پر عمل در آمد در اصل آئین کے آرٹیکل 25، 26 اور 29 مذہبی و ثقافتی حقوق کے مطابق ہے۔ مختلف طبقات، مذہبی اکائیوں اور قبائل کے مذہبی و ثقافتی اصولوں کے مطابق ایسے قوانین کاان پراطلاق ہمارے ملک کی مضبوط جمہوریت اور تنوع کی روشن مثال کے جشن کے طور پر منایاجانا چاہیے‘‘۔
جواب کے چوتھے حصے میں، موجودہ سول قوانین اور اس کی نام نہاد یکسانیت پر بحث کی گئی۔ جواب میں کہا گیا کہ ’’ہم یہ حقائق اس بات کی نشاندہی کے لیے پیش کر رہے ہیں کہ موجودہ قوانین میں بھی مذہبی اصولوں اورسوم و رواج اور قبائلی استثنیٰ کی عکاسی جھلکتی ہے جس سے مذہبی و ثقافتی تنوع اور رسوم و رواج کی ناقابل تنسیخ پوزیشن واضح اور متعین ہو جاتی ہے جس کو اس طرح کے ضابطوں (یونیفارم سول کوڈ) کے تحت ختم نہیں کیا جا سکتا۔
ممکنہ یونیفارم سول کوڈ کے دائرہ کار اور نوعیت کا تجزیہ کرنے کا کام بھی موجودہ عائلی قوانین کے تناظر میں ہی کیا جا سکتا ہے— عمومی اور ذاتی دونوں حیثیت سے۔ اس تجزیہ کی دو بنیادیں ہوسکتی ہیں:
(a)کیا موجودہ عمومی/یکساں خاندانی قوانین واقعی یکساں ہیں؟
(b)کیا موجودہ کوڈیفائیڈ کمیونٹی پر مبنی ذاتی قوانین یکساں ہیں؟
پھر بورڈ نے موجودہ سول قوانین کا تجزیہ کیا اور اس نتیجے پر پہنچا کہ موجودہ عمومی / یکساں خاندانی قوانین صحیح معنوں میں یکساں نہیں ہیں، یہاں تک کہ موجودہ کوڈیفائیڈ قوانین بھی یکساں نہیں ہیں۔ ہندوستان میں جسے یونیفارم عائلی قانون کہا جاتا ہے وہ ہرگز بھی یکساں نہیں ہے۔ جیسے Special Marraige Act، جس کو نہ صرف اکثریت کے قوانین کےمطابق ڈیزائن کیا گیا ہے بلکہ اس میں روایتی قوانین کے لیے استثنیٰ بھی فراہم کیا گیا ہے۔
جواب کے آخری حصہ میں بورڈ نے کہا:
’’یو نیفارم سول کوڈ کیا ہے؟ بظاہر جواب آسان لگتا ہے لیکن یہ پیچیدگیوں اور مشکلات سے بھرا ہوا ہے۔ ان پیچیدگیوں کا احساس آئین ساز اسمبلی نے 1949 میں اس وقت کیا تھا جب یو نیفارم سول کوڈ پر اسمبلی میں بحث ہوئی تھی۔
آئین ساز اسمبلی میں یکساں سول کوڈ کے موضوع پر تفصیلی بحث ہو ئی تھی۔ بحث میں مسلمانوں کی طرف سے یونیفارم سول کوڈ پر شدید مخالفت ہوئی تھی۔ اس موقعہ پر ہمیں بحث کے اختتام پر ڈاکٹر امبیڈکر کی طرف سے دی گئی وضاحت کو یاد رکھنا مناسب ہو گا،”یہ بالکل ممکن ہے کہ مستقبل کی پارلیمنٹ اس پر آغاز کرتے ہوئے یہ انتظام کرے کہ یہ ضابطہ صرف اور صرف ان لوگوں پر لاگو ہوگا جو یہ اعلان کریں کہ وہ اس کے لیے تیار ہیں، تاکہ ابتدائی مرحلے میں ضابطہ کا اطلاق خالصتاً رضاکارانہ ہو“۔
ہمارے ملک کی سب سے اہم دستاویز دستور ہند میں بھی یکسانیت نہیں ہے، تاکہ ملک کے اتحاد کو برقرار رکھا جا سکے۔ مختلف علاقوں، قوموں، برادریوں کے اصول و ضوابط کو آئین نے قبول کیا ہے، محض یکسانیت کے نام پر مروجہ اصول و ضوابط، رواج و رسومات کو کلعدم نہیں کیا جا سکتا۔ جب کہ دوسری طرف ملک کے مسلمہ قوانین و ضوابط میں بھی پورے ملک میں یکسانیت نہیں ہے۔
یکسانیت کا ہوا کھڑا کر نے والوں سے یہ سوال بھی کیا جانا ضروری ہے کہ کیا محض یکسانیت کے نام پر صدیوں سے سماج میں رائج پرسنل لاز اور ریتی رواج کو اکھاڑ پھینکا جائے گا جب کہ ملک کے مسلمہ قوانین اور نام نہاد یونیفارم قوانین بھی یکسانیت سے عاری ہیں۔ گوا کا سول قانون بھی تنوع سے بھرا ہوا ہے۔ ملک کے دستور میں بھی مختلف طبقات اور علاقوں کی رعایت کی گئی ہے۔ ملک کا سول قانون(.IPC and Cr.Pc) پورے ملک میں یکساں نہیں ہے۔ ریاستوں نے اس میں سو سے زائد ترمیمات کر رکھی ہیں ۔ ہندو میرج ایکٹ جو کہ ہندوؤں کے عائلی قانون کو منضبط کر نے کے لئے بنایا گیا تھا، تضادات اور تنوع کا مجموعہ ہے۔ مختلف ذاتوں و طبقات کو کئی معاملات میں استثنیٰ دیا گیا ہے۔ اسپیشل میرج ایکٹ بھی اپنے تحت شادی کر نے والوں کو ہندو سکسیشن ایکٹ کی راہ دکھاتا ہے اور رواجی قوانین کو دھندلا کر دیتا ہے۔ مختلف قوانین میں جو تنوع وتضادات ہیں، یہاں ان کی محض چند مثالوں پر اتفاق کیا گیا۔ اکثریتی زعم کو پرسنل لاز، مذہبی آزادی اور اقلیتوں کے حقوق پر یونیفارم سول کوڈ کے نام پر حا وی نہیں کیا جانا چاہئے۔
21 ویں لاء کمیشن کے ذریعہ تیار کردہ مشاورتی رپورٹ کی اشاعت کے بعد حکومت نے اس پر مکمل خاموشی کیوں اختیارکر رکھی ہے؟ کیا اس نےاسے کلی طور پر یا جزوی طور پر قبول کیا ہے؟ نہ ہی حکومت نے یہ بتایا ہے کہ اس نے 21 ویں لاء کمیشن کے سفارشات کے نفاذ کے لئے کیا اقدامات کئے ہیں۔ اگر اس نے 21 ویں لاء کمیشن کے سفارشات کو کلی طور پر یا جزوی طور پر مسترد کر دیا ہے تو اسے اس کی وجہ بھی بتانی چاہئے۔
✍🏻 جاری کردہ
ڈاکٹر محمد وقارالدین لطیفی
آفس سکریٹری
Is. Bil. Ka. Men. Muzammat. Karta hon