مولانا مقبول احمد سالک مصباحی کے لئے ایصال ثواب اور تعزیت کی محفل کا انعقاد
(پریس ریلیز، نئی دہلی ،2 اکتوبر 2023)
مولانا مقبول احمد سالک مصباحی صاحب جماعت اہل سنت کے ایک انتہائی مخلص اور نہایت فکر مند خواہ عالم دین تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی جماعت اہل سنت اور ملک و ملت کی خیر خواہی میں فنا کر دی اور کبھی کسی سے کوئی شکوہ نہیں کیا، کسی بڑے تعلیمی ادارے سے مستقل وابستگی اور مالی دقتوں کے سبب ان کی علمی دینی اور قلمی تصنیفی خدمات کا زیادہ شہرہ نہیں ہوا لیکن ان کی ذاتی خوبیوں اور شخصی صلاحیتوں کا سبھی اعتراف کرتے ہیں. مذکورہ خیالات کا اظہار مولانا محمد ظفر الدین برکاتی مصباحی نے بیس فٹا روڈ بٹلہ ہاؤس میں واقع مولانا سید محمد رحمانی میاں اشرفی صاحب کی رہائش گاہ پر منعقد محفل تعزیت برائے ایصال ثواب میں خطاب کرتے ہوئے کیا. مولانا منظر امن مصباحی نے قرآن پاک کی تلاوت کی اور مولانا ابو الفیض مدثر مصباحی نے نعتیہ کلام پیش کیا، مولانا اقلیم رضا مصباحی نے جامعہ حضرت نظام الدین اولیاء ذاکر نگر کی تدریسی زندگی سے جامعہ حضرت خواجہ قطب الدین کے قیام اور مرض الموت سے وصال تک کی سرگزشت کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ مولانا مقبول احمد سالک مصباحی کے ترجیحی اصول سو فیصد جماعت اہل سنت کے حق میں خیر خواہانہ تھے، اس لئے انہوں نے اپنی صحت پر کوئی خاص توجہ نہیں دی جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ شدید علالت کے بعد ہاسپٹل میں ہی خدا کو پیارے ہو گئے. سالک مصباحی صاحب کے ہم وطن مولانا زین اللہ نظامی نے کہا کہ سالک مصباحی صاحب نے جماعت اہل سنت کے ساتھ اپنے گھر خاندان کی تعلیم و ترقی پر بھی خصوصی توجہ دی اور اپنے گاؤں میں مسجد و مدرسہ کے قیام و ترقی پر خصوصی دھیان دیا جس کے نتیجے میں ان کے خاندان میں آج اکثر نوجوان بچے اور بچیاں تعلیم یافتہ ہیں اور بہت سے سرکاری ملازمت کر رہے ہیں.
صلوۃ و سلام کے بعد سید محمد رحمانی میاں کی دعاؤں پر محفل ختم ہوئی اور مہمانوں کی ضیافت کی گئی، محفل میں قاری تصور علی نظامی موہن گارڈن، سید اسرار عالم میاں انا ساگر والے، مولانا حیدر رضا مصباحی ، نیاز احمد مصباحی ، عبد الباری برکاتی ،ڈاکٹر امتیاز احمد علیمی ، آصف جمال مصباحی اور شمس آغاز صحافی وغیرہ اچھی تعداد میں علمائے کرام نے شرکت کی.