گناہوں سے آزادی کی رات کوگناہوں میں گرفتار ی کی رات نہ بنائیں۔مولانا سالک دہلوی
مسجد سرکار کلاں،نیو مصطفیٰ آباد،نئی دہلی
پریس ریلیز
شب برات عالم اسلام کا ایک خوش گوار اور روح پرور تہوار ہے،جس کی آمد سے مسلم محلوں میں خصوصا درگاہوں اور مسجدوں کی رونق دوبالا ہوجاتی ہے،اس موعہ سے بردران اسلام کثرت سے عبادت وریاضت کرتے ہیں،اور پوری رات جاگ کر گزار دیتے ہیں۔اسی سلسلے میں نیو تعمیر مدرسہ سرکار کلاں مسجد اشرفی،راجیو گاندھی نگرم،گلی نمبر۔۱۱،۵۲۔فٹا روڈ،نیو مصطفیٰ آباد میں بھی شب برات میں شب بیداری کااہتمام کیا گیا۔اورعلما وشعرا نے نعت تقاریر کی شکل میں خراج عقیدت پیش کیا۔پروگرام کا آغاز قاری ختررضا نائب امام کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔
بزم کے خطیب خصوصی عالمی شہرت یافتہ ادیب ونقاد اور نامورمحقق واہل قلم حضرت علامہ ومولانا مفتی صوفی مقبول احمد سالک مصباحی اشرفی دہلوی،بانی ومہتمم جامعہ خواجہ قطب الدین بختیار کاکی،نئی دہلی نے سورہئ دخان کی آیات نمبر۱تا۷کے حوالے سے اپنے مدلل بیان میں کہا ان آیات میں لیلۃ البراءۃیعنی شب براء ت کی ہی عظمت وفضیلت کا بیان کیا گیا ہے،اور بتا یا گیا ہے قرآن کریم کے نزول کا پہلا ربانی فیصلہ اسی رات میں کیا گیا،اور اسی رات میں اللہ تعالی اپنی سلطنت کے اہم فیصلے بھی فرماتاہے،حتیٰ کہ کون اس سال پیدا ہوگا؟کون مرے گا؟کس کے لڑکا ہو گایالڑکی؟کون حج کرے گا؟َکون کتنی روزی حاصل کرے گا؟َسب اسی رات میں مقرر کر دیا جاتا ہے۔لہذایہ رات قرآن کی روشنی میں عزت وعظمت والی ہے۔
مولانا اشرفی نے کہا کہ سیکڑوں احادیث کریمہ میں شب براء ت کی عظمت وفضیلت بیان کی گئی ہے،اس کی عظمت وفضیلت کا انکار نہ کرنے گا مگر بدعتی اور گمراہ بد دین۔مولانا نے عوام اہل سنت سے اپیل کیا کہ چونکہ یہ رات توبہ ومغفرت کی رات ہے اس لیے زیادہ سے زیادہ توبہ ورجوع کریں، تلاوت قرآن پاک اور نوافل کی کثرت کریں،صلاۃ التسبیح پڑھیں،قبرستان جائیں اپنے مرحومین اور مرحومات کی اپنے رب سے مغفرت طلب کریں۔انھوں نے کہاکہ یہ رات گناہوں سے آزادی کی رات ہے اس لیے اسے گناہوں میں گرفتار ی کی رات نہ بنائیں۔
حضرت قاری محمد آصف آسوی خطیب وامام مسجد سرکار کلاں نے عوام اہل سنت سے اپیل کیاکہ آج کی رات میں ہلڑ بای،آتش بازی،ہنگامہ آرائی،لڑناجھگڑنا حرام ہے،لہو لعب سے کلی طور پر اجتناب کریں،ایک دوسرے سے عداوت ونفرت کے جذبات ختم کردیں۔اپنے دینی بھائیوں سے اپنے زیادتیوں کی معافی مانگیں،صدقہ وخیرات کریں،کثرت سے عبادت وریاضت کریں۔قاری صاحب نے بتایا کہ آج کی شب ہی جدید تعمیر مسجد کی تکمیل کی رات ہے اور آج ہی اس کاافتتاح عمل میں ارہاہے، اللہ کی رحمت کاملہ سے امید ہے کہ تعمیر میں حصہ لینے والوں کو جزائے خیر سے نوازے گا۔
اس موقعہ سے مدرسے سے فارغ ایک طالب علم حافظ عبدالباسط سلمہ کی مولانا سالک مصباحی اور قاری صاحب نے حفظ کی دستار بندی بھی کی،حاضرین نے پھولوں کے ہار سے حافظ صاحب کی گل پوشی کی۔مولانا صوفی اسرار احمد صاحب مصباحی نے نمازیوں کوصلاۃ التسبیح اور نوافل کی ادائیگی کی ترکیب بتائی۔حاجی انتظار حسین صدر اعلیٰ،جناب شمشاد احمد ممبر،جناب صوفی محمد الیاس ممبر،جناب محمداکبر ممبر،نے پروگرام کے اہتمام وانصرام میں جان توڑ کوشش کی اور پروگرام کوخصوبصورت سے خوبصورت بنا نے میں اہم رول ادا کیا۔مسجد اشرفی کے نائب امام حافظ اختر رضا،جناب ہاشم،جناب قاسم ابنا حاجی انتظار حسین،حافظ محمد تسلیم،،محمد شانو،محمد راجو، محمد جمن ملک،محمد آؔصف،محمداصغر،نے مہمانوں کی ہرطرح سے خدمت کی۔صلاۃ وسلام اور علامہ سالک مصباحی کی دعا پر محفل کااختتام ہوا۔حاضرین کی شیرینی اور چائے سے ضیافت کی گئی۔