نئی دہلی:این آئی اے کی اسپیشل ٹیم اور مقامی پولس نے آج علی الصباح پی ایف آئی اور ایس ڈی آئی پی سے منسلک لیڈران اورکارکنان کے گھروں پر جامعہ نگر اور شاہین باغ کے متعدد مقامات پر چھاپے مارے،اطلاعات کے مطابق کارروائی کے دوران 30 سے زائد کارکنان کو حراست میں لیے گئے ہیں۔ حراست میں لیے گئے افراد کو دہلی کے لاجپت نگر تھانہ میں رکھا گیا ہے جہاں ان سے پوچھ گچھ جاری ہے۔
حراست میں لیے گئے لیڈران وکارکنان میں سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کی ریاستی نائب صدر شاہین کوثر ،سمیر خان ،عبداللہ اور محمد شعیب کو شاہین باغ سے حراست میں لیا ہے۔ان کے علاوہ متعدد کارکنان کو جامعہ نگر کے الگ الگ علاقوں سے حراست میں لیے جانے کی خبر ہے۔
شاہین کوثر کے اہل خانہ نے بتایا کہ این آئی اے کی اسپیشل ٹیم اور مقامی پولیس نے رات تقریباً تین بجے ان کے گھر پر دستک دی اور ایس ڈی پی آئی کی ریاستی نائب صدر شاہین کوثر کو حراست میں اپنے ساتھ لے گئ صبح انہیں پانچ بجے گھر پہنچادیا لیکن پھر آج صبح سات بجے دوبارہ حراست میں لے کر لاجپت نگر تھانہ لے گئی ہے۔ ابھی انہیںریلیز نہیں کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ پیر کی رات کی گئی کارروائی میں پی ایف آئی کے لیے سرگرم رہے والے 30 سےزائد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔حراست میں لیے لوگوں سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں احتجاج کو دیکھتے ہوئے نیو فرینڈز کالونی اور جامعہ کے علاقے میں دفعہ 144 نافذ کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ حکم کی خلاف ورزی پر سیکشن 188 سی آر پی سی کے تحت کارروائی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
دہلی پولیس کمشنر نے میٹنگ بلائی: دہلی پولیس کمشنر نے امن و امان کے حوالے سے پولیس ہیڈ کوارٹر میں میٹنگ بلائی ہے۔ پولیس کمشنر سنجے اروڑہ پیر کی رات تک پی ایف آئی کے خلاف چھاپوں کے بارے میں اعلیٰ حکام سے معلومات لیں گے اور علاقوں کی صورتحال کے بارے میں ایک میٹنگ ہوگی اور اس میں حکمت عملی بنائی جائے گی۔