کرنل پروہت کی مبینہ حمایت میں لکھی گئی کتاب پر پابندی کا مطالبہ
بم دھماکہ متاثرین نے قومی تفتیشی ایجنسی سے مداخلت کی گذارش
ممبئی 7 / دسمبر
مالیگاؤں 2008 بم دھماکہ معاملے کے کلیدی ملزم کرنل شریکانت پروہت کی مبینہ حمایت میں تحریر کی گئی کتاب کے اجراء اور اشاعت پر بم دھماکہ متاثرین نے شدید اعتراض کیا ہے اور قومی تفتیشی ایجنسی سے اپیل کی ہے کہ کتاب کے اجراء اور اشاعت کو روکنے کے لیئے فوری اقدامات کرے کیونکہ مقدمہ کی سماعت آخری مراحل میں ہے اور خصوصی این آئی اے عدالت کاحکم بھی ہیکہ مقدمہ کے متعلق کسی بھی طرح کی گفتگو، انٹرویو، بحث و مباحثہ، تعامل مقدمہ کے اختتام تک نہ کیا جائے۔میڈیا کو صرف مقدمہ کے متعلق عدالت میں ہونے والی کارروائی کی رپورٹنگ کرنے کی اجازت ہوگی۔
بم دھماکہ متاثرین کیجانب سے ایڈوکیٹ شاہد ندیم (جمعیۃ علماء مہاراشٹر ارشد مدنی)نے قومی تفتیشی ایجنسی کو بذریعہ ای میل خط تحریر کیا ہے، خط میں تحریر ہے کہ شوشل میڈیا پر ایک پمفلٹ(پوسٹر) گشت کر رہا ہے جس کے مطابق پونے میں 18/ دسمبر کو ایک کتاب کا اجرا ء ہونے جارہا ہے، کتاب کا عنوان Lt Colonel Purohit The Man Betrayed? ہے جس میں مبینہ طور پر کرنل پروہت کی حمایت میں مضامین لکھے گئے ہیں اور اسے معصوم بتا نے کی کوشش کی گئی ہے۔
خط میں تحریر کیا گیا ہیکہ یہ صرف ایک کتاب کا اجراء نہیں ہے بلکہ کرنل پروہت کی حمایت میں چلائی جانے والی متوازی ٹرائل کا حصہ ہے اور اس کتا ب کے ذریعہ عوامی رائے بنائی جارہی ہے کرنل پروہت بے قصور ہے اور اسے اے ٹی ایس اور این آئی اے نے جھوٹے مقدمہ میں پھنسایا ہے۔خط میں مزید تحریر ہے مقدمہ ٹرائل کورٹ میں آخری مراحل میں ہے جبکہ بامبے ہائی کورٹ نے کرنل پروہت کی مقدمہ سے ڈسچارج کی عرضداشت پر فیصلہ محفوظ رکھا ہوا ہے ایسے میں کتاب کا اجراء توہین عدالت ہوگا لہذا این آئی اے عدالت سے رجوع ہوکر کتاب کے اجراء پر پابندی کا مطالبہ کرے۔
خط میں مزید تحریر کیا گیا ہیکہ کرنل پروہت کے خلاف متعدد گواہان نے گواہی دی ہے اس کے باوجود کچھ لوگ منظم طریقے سے عوام کی نظروں میں کرنل پروہت کو بے گناہ ثابت کرنے پر تلے ہوئے ہیں اور اس کے لیئے ہمدردی جٹا رہے ہیں جو عدلیہ کی اہمیت کو کمزور کرنے کے مترادف ہے کیونکہ مقدمہ زیر سماعت ہے۔
قومی تفتیشی ایجنسی سے گذارش کی گئی کہ یہ انصاف کا تقاضہ ہیکہ کرنل پروہت کی مبینہ حمایت میں لکھی گئی کتاب کا اجرا ء ہونے سے روکا جائے اور پروگرام کے منتظمین کو عدالت کے حکم کی پاسداری کرنے پر مجبور کیاجائے۔
واضح رہے کہ مصنف اسمیتا مشراء نے کتاب لکھی ہے اور کتاب کے اجراء میں جینت عمرانکر (سابق پولس کمشنر پونے) ڈاکٹر ستیا پال سنگھ (سابق پولس کمشنر ممبئی اور پونے)، سنجے بروے(سابق پولس کمشنرممبئی)میجر گورو آریا(ریٹائرڈ) اور دیگر شرکت کرنے والے ہیں۔