ملائم سنگھ کی رحلت پر عالمہ ڈاکٹر نوہیرا شیخ کا اظہار تعزیت
نئی دہلی ( پریس ریلیز )سیاست کے شہسوار کہے جانے والے، اتر پردیش کے کئی بار وزیر اعلیٰ رہنے والے، ملک میں بھائی چارہ اور امن و حب الوطنی کا چھاپ چھوڑ کر رخت سفر باندھنے والے اور جہان فانی کو خیر آباد کہنے والے ملائم سنگھ یادو سابق وزیر اعلیٰ اتر پردیش آج ہمارے درمیان سے رخصت ہو گئے ہیں۔ جس کی وجہ سے ہندستان کے ایک سیاسی باب کا خاتمہ ہو گیا ہے۔ آنجہانی ملائم سنگھ یادو نے ہندو مسلم سکھ عیسائیوں کے درمیان ایسی پہچان چھوڑی ہے جو لائق قیادت ہے، اور خاص طور سے ان لوگوں کے درمیان ان کے عوامل کو رواج پذیر ہونے کی ضرورت ہے جو اہل سیاست ہیں، آنجہانی ملائم سنگھ یادو نے اپنی رحلت سے نہ صرف سیاسی گلیاروں کو سونا کر دیا ہے، بلکہ انہوں نے بھائی چارہ اور جمہوریت کی ایک چھاپ چھوڑتے ہوئے سیاستدانوں کے لئے اپنی زندگی کو ایک کھلی کتاب کا نمونہ بنا کر پیش کیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار آل انڈیا مہیلا امپاورمنٹ پارٹی کی کل ہند صدر عالمہ ڈاکٹرنوہیرا شیخ نے جاری ایک تعزیتی بیان میں کیا ہے۔ جس میں عالمہ ڈاکٹر نوہیرا شیخ نے کہا کہ اکھلیش یادو سیاست میں ملائم سنگھ کا آئنہ ہیں، ہمیں مکمل امید ہے کہ آنے والے دنوں میں جس راستے پر چل کر آنجہانی ملائم سنگھ یادو جی نے دکھایا ہے اسی جمہوریت بھائی چارہ اور حب الوطنی کے راستے پر ان کی اولادیں اور ان کے ملک بھر میں ماننے جاننے والے بھی عمل کریں گے۔ آج ہمارے درمیان سے سیاست کے میدان کا ایک بزرگ استاذ رخصت ہو گیا ہے، جس کے جانے سے نہ صرف ہم بلکہ ملک کا کونہ کونہ، بچہ بچہ ،بڑا بوڑھا جوان سب سوگوار ہیں، اللہ سے دعا ہے کہ پروردگار ان کی روح کو سکون بخشے۔
عالمہ ڈاکٹر نوہیرا شیخ نے سماج وادی پارٹی کے سرپرست ملائم سنگھ یادو کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ اور کہا کہ اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کا انتقال ہندوستانی سیاست کے لئے ایک نا قابل تلافی نقصان ہے۔ اطلاع کے مطابق اترپردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماج وادی پارٹی کے سرپرست ملائم سنگھ یادو پیر کی صبح انتقال کر گئے۔ وہ82 برس کے تھے۔عالمہ ڈاکٹر نوہیرا شیخ نے کہاکہ ”میں آنجہانی لیڈر ملائم سنگھ کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں اور ان کی روح کے سکون اور لواحقین کے صبر کے لئے دعا گو ہوں“۔ڈاکٹر صاحبہ کا مزید کہنا تھا کہ اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کے لاکھوں کارکن ہیں جنہیں ان کے نقش قدم پر چل کر اتر پردیش اور ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے اپنا رول ادا کرنا چاہئے۔ اور ہمیں پوری امید ہے کہ لوگ ملائم سنگھ جی کے ملک کے لئے ادھورے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کریں گے۔