مجلس کے امیدوار کو مل رہی ہے عوام کی بھرپور حمایت
نئی دہلی – دہلی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات قریب ہیں اور تمام پارٹیوں کے امیدوار اپنی پوری طاقت لگا رہے ہیں۔ ابوالفضل وارڈ سے مجلس کے امیدوار عارف سیفی کی انتخابی مہم زور و شور سے جاری ہے اور علاقہ مکینوں کی جانب سے بھرپور حمایت مل رہی ہے ایسا لگتا ہے کہ لوگ تبدیلی چاہتے ہیں کیونکہ اس علاقے میں مسائل کے انبار ہیں۔
آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے نوجوان رہنما اور ابوالفضل کونسلر کے امیدوار عارف سیفی نے کہا کہ ابوالفضل وارڈ کے عوام کی بھرپور حمایت مل رہی ہے اور امید ہے کہ ہم کامیاب ہوں گے۔ کیونکہ یہاں کے موجودہ کونسلر نے کوئی کام نہیں کیا ہے جس کی وجہ سے ہمارے وارڈ کے مکینوں کو متعدد مسائل کا سامنا ہے اس لیے تبدیلی ضروری ہے۔ اور یقین دلاتا ہوں کہ الیکشن کے بعد تمام مسائل کو حل کرنے کی پوری کوشش کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت مسلمانوں کی حالت دلتوں سے بھی بدتر ہے، وہ تعلیم اور دیگر شعبوں میں پیچھے ہیں۔ دوسری پارٹیوں نے ہمیشہ مسلمانوں کا استحصال کیا ہے، اس لیے اے آئی ایم آئی ایم کو مضبوط کرنا ہوگا۔ یہ ہماری اپنی پارٹی ہے اور یہ واحد جماعت ہے جو ہمارے حقوق کے لیے اور ظلم کے خلاف آواز اٹھاتی ہے۔ عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور امید ہے کہ تبدیلی آئے گی اور عوام مجلس کا بھرپور ساتھ دیں گے۔