معروف سوشلسٹ لیڈر ملائم سنگھ یادو کی انتقال پر ملی کونسل کا اظہار خیال

معروف سوشلسٹ لیڈر ملائم سنگھ یادو کی انتقال پر ملی کونسل کا اظہار خیال

نئی دہلی: 10/ اکتوبر 2022: آل انڈیا ملی کونسل نے ملک معروف لوہیاوادی سوشلسٹ رہنما اور ملک کے سابق وزیر دفاع ملائم سنگھ یادو کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔ کونسل سے جاری بیان میں جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کہا کہ ملائم سنگھ یادو اُن بلند قامت لوہیاوادی رہنماؤں میں سے تھے جنھوں نے اپنی سیاست کی پہلی کڑی کے طور پر 1967 میں پہلی بار اترپردیش سے سنیکت سوشلسٹ پارٹی (SSP) کے ٹکٹ پر ودھان سبھا میں انٹری کی تھی اور پھر بتدریج وہ سیاست کے نشیب وفراز سے گزرتے رہے اور ڈاکٹر رام منوہر لوہیا کے پیش کردہ اصولوں کے ساتھ اپنی سیاست کا تسلسل قائم رکھا، ایک وقت وہ آیا جب 1989 میں پہلی بار جنتادل کے ٹکٹ پر کامیابی کے بعد مرکز میں وی پی سنگھ کی حکومت کے دور میں وہ اترپردیش کے وزیر اعلیٰ منتخب ہوئے، پھر اس کے بعد ملائم سنگھ یادو نہ صرف یہ کہ اترپردیش کے متعدد بار وزیر اعلیٰ اور 9/ بار ایم ایل اے رہے بلکہ مرکز میں وزارت دفاع کا قلمدان بھی سنبھالا۔ سماجوادی پارٹی لیڈر ملائم سنگھ یادو کی کامیابیوں میں آل انڈیا ملی کونسل کی ٹیکٹیکل ووٹنگ کی اپیل کا بھی مؤثر رول رہا تھا اور جس کا اعتراف اُن کے قریبی رفقاء کار مختلف مواقع پر کرتے رہے تھے۔ جنرل سکریٹری کونسل نے آگے اپنے بیان میں کہا کہ بحیثیت مجموعی ملائم سنگھ یادو نے اپنی سیاسی صلاحیتوں سے ملک وقوم کی بیش بہا خدمات انجام دی ہیں، جنھیں فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ جنرل سکریٹری ملی کونسل نے ان کے صاحبزادے اور اترپردیش کے حزب مخالف کے لیڈر اور سماجوادی پارٹی کے صدر اکھیلیش یادو اور ان کے افراد وخاندان کے ساتھ بھی تعزیت وہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

We need your help to spread this, Please Share

Related posts

Leave a Comment