شریعہ کونسل جماعت اسلامی ہند کے چیئرمین کی حیثیت سے
ڈاکٹر اقبال مسعود ندوی کا انتخاب
نئی دہلی: شریعہ کونسل جماعت اسلامی ہند کے چیئرمین کی حیثیت سے ڈاکٹر محمد اقبال مسعود ندوی کا انتخاب کیا گیا ہے۔ اگست2022 کے اواخر میں مشہور عالم دین اور جماعت اسلامی ہند کے سابق امیر مولانا سید جلال الدین عمری کے انتقال کی وجہ سے یہ جگہ خالی ہوگئی تھی۔ جناب سید سعادت اللہ حسینی امیر جماعت اسلامی ہند نے ذمے داران سے مشورہ کے بعد بہ حیثیت چیرمین شریعہ کونسل ان کے نام کو منظوری دی۔ اس کے ساتھ مولانا نیاز احمد ندوی، صدر شعبہئ افتاو قضا دار العلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ، مولانا صباح الدین ملک قاسمی، نائب صدر مجلس العلماء والائمۃ نوادہ بہار، ڈاکٹر محمد فہیم اختر ندوی، پروفیسر شعبہئ اسلامک اسٹڈیز مولانا آزاد نیشنل اردو یونی ورسٹی حیدرآباد، مولانا محمد طاہر مدنی، ناظم جامعۃ الفلاح اعظم گڑھ اور ڈاکٹر اکرام الرحمن فلاحی، دربھنگہ (بہار) کو بھی شریعہ کونسل کے اراکین میں شامل کیا گیا ہے۔مولانا ڈاکٹر عبد اللہ جولم عمری مدنی، نائب ناظم جامعہ دار السلام عمرآباد،جناب ای وی سلیم مولوی، سابق ڈائرکٹر مرکز البحوث والدراسات، جامعہ اسلامیہ شانتا پورم کیرلا، مفتی محمد ارشد فاروقی، ڈائرکٹر آن لائن تکمیل افتاء دیوبند، ڈاکٹر ایم عبد السلام، ریکٹر جامعہ اسلامیہ شانتا پورم کیرلا اور مولانا ڈاکٹر محی الدین غازی، سکریٹری جماعت اسلامی ہند پہلے سے اس کے ارکان میں شامل ہیں۔
ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی،صدر ادارہ تحقی و تصنیفِ اسلامی علی گڑھ و سکریٹری جماعت اسلامی ہند شریعہ کونسل کے سکریٹری کی حیثیت سے خدمت انجام دے رہے ہیں۔شریعہ کونسل اپریل 2019 میں قائم کی گئی تھا۔ اس کا مقصد بدلتے ہوئے حالات میں نئے مسائل پر اجتماعی غور وخوض اور مشاورت کے ذریعے ان کا شرعی حل دریافت کرنا ہے۔ اس مختصر عرصے میں، خاص طور پر کورونا کے زمانے میں کونسل نے متعدد مسائل میں شرعی رہ نمائی فراہم کی ہے، جس کی وجہ سے مسلمانوں کے درمیان اسے مقبولیت حاصل ہوئی ہے۔